Ae Sabz Gumbad Wale Manzoor Dua Karna
Jab Waqt Naza Aye, Deedaar Ata Karna
اے سبز گنبد والے منظور دعا کرنا
جب وقت نزع آئے دیدار عطا کرنا
اے نورِ خدا آ کر آنکھوں میں سما جانا
یا در پہ بلا لینا یا خواب میں آ جانا
اے پردہ نشین دل کے پردے میں رہا کرنا
جب وقت نزع آئے دیدار عطا کرنا
میں قبر اندھیری میں گھبراؤں گا جب تنہا
امداد میری کرنے آ جانا میرے آقا
روشن میری تُربت کو اے نورِ خدا کرنا
جب وقت نزع آئے دیدار عطا کرنا
مجرم ہوں جہاں بھر کا محشر میں بھرم رکھنا
رسوائے زمانہ ہوں دامن میں چھپا لینا
مقبول یہ عرض میری ، للہ ذرا کرنا
جب وقت نزع آئے دیدار عطا کرنا
چہرے سے ضیا پائی اِن چاند ستاروں نے
اس در سے شفا پائی دُکھ درد کے ماروں نے
آتا ہے انھیں ساغرؔ ہر دکھ کی دوا کرنا
جب وقت نزع آئے دیدار عطا کرنا